ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وجے روپانی نے گجرات کے وزیر اعلی کا حلف لیا، سابقہ 9 وزراء کو باہر کیا گیا

وجے روپانی نے گجرات کے وزیر اعلی کا حلف لیا، سابقہ 9 وزراء کو باہر کیا گیا

Mon, 08 Aug 2016 11:54:11    S.O. News Service

گاندھی نگر، 7 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )وجے روپانی نے آج ایک عظیم الشان تقریب میں گجرات کے نئے وزیر اعلی کے طور پر اور نتن پٹیل نے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا ۔حلف برداری کی تقریب میں سینئر بی جے پی رہنما شامل ہوئے۔اسی دوران ، سابقہ کابینہ میں شامل رہے 9 وزراء کو ہٹا دیا گیا ہے، ان میں سے کچھ نام ایسے ہیں جو سابق وزیر اعلی آنندی بین پٹیل کے وفادار مانے جاتے تھے۔گورنر اوپی کوہلی نے 60سالہ روپانی اور پٹیل کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔نتن پٹیل سمیت کابینہ سطح کے 8 وزراء اور 16 وزراء مملکت نے بھی حلف لیا۔وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی سمیت کابینہ میں اس وقت 25وزراء شامل ہیں۔حلف برداری کی تقریب پارٹی صدر امت شاہ، سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی، مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیرڈاکٹر ہرش و ردھن سمیت سرکردہ پارٹی رہنماؤں کی موجودگی میں منعقد کی گئی ۔مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، جھارکھنڈ کے وزیر اعلی رگھوبرداس اور ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر بھی اس موقع پر دیگر شخصیات کے ساتھ موجود تھے۔سابق وزیر داخلہ رجنی بھائی پٹیل اوربہبودی برائے خواتین واطفال کی وزیر واسوبین ترویدی کو نئی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا ہے جنہیں سابق وزیر اعلی آنندی بین پٹیل کا وفادار سمجھا جاتا ہے۔روپانی کی کابینہ میں شامل نہیں کئے گئے دیگر وزراء میں وزیر خزانہ سوربھ پٹیل، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر رمن لال ووہرا اور سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت گوند پٹیل شامل ہیں۔عہدہ چھوڑنے کی پیشکش کو پارلیمانی پارٹی کی طرف سے قبول کئے جانے کے بعد آنندی بین پٹیل نے گورنر کو استعفی سونپ دیا تھا، اس کے بعد جمعہ کو بی جے پی کی مرکزی قیادت نے وزیر اعلی کے عہدے کے لیے نتن پٹیل کی جگہ روپانی کو منتخب کیا تھا۔


Share: